کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں دہشت گردوں کی حمایت ہمسایہ ممالک سمیت خطے بھر کیلئے سنگین سکیورٹی چیلنج بن چکی ہے۔سابق اعلیٰ افغان عہدیدار طالبان کا دہشت گردتنظیموں کیساتھ گٹھ جوڑ شواہد کے ساتھ سامنے لے آئے۔ افغان میڈیا افغان انٹرنیشنل کے مطابق افغانستان کے قومی سلامتی کے سابق مشیر احمد ضیا سراج نے انکشاف کیا کہ طالبان رجیم کا فتنہ الخوارج سمیت دیگردہشت گردتنظیموں کے ساتھ قریبی تعاون ہے۔اس گٹھ جوڑ میں دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہوں اور اسلحہ کی فراہمی سمیت خودکش حملہ آوروں کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ طالبان رجیم میں عالمی دہشت گردتنظیمیں افغان سرزمین اور دیگرسہولیات کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کررہی ہیں۔سابق عہدیدار نے کہا کہ افغان شہری طالبان رجیم اور عالمی دہشتگرد تنظیموں کے درمیان اس تعلق کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں۔




