مدینہ ٹاؤن میں واٹر سپلائی لائنوں پرنصب سمارٹ میٹرز کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا سے جائیکا کے ٹیکنیکل وفد نے خصوصی ملاقات کی اور ٹیکنیکل اسسٹنس پرا جیکٹ کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی جس پر ایم ڈی واسا نے یقین دہانی کرائی کہ واسا فیصل آباد جائیکا ٹیکنیکل ٹیم کی بھرپور معاونت کریگا۔تاکہ اس پراجیکٹ کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کی جانب سے فیصل آباد کے شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کی جارہی ہے جس میں پانی کے ضیاع کو روکنا، ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی، استعمال اور اس کی مانیٹرنگ و دیگر امور شامل ہیں۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کہا کہ جائیکا کی جانب سے مدینہ ٹائون کے علاقے میں واٹر سپلائی لائنوں پر سمارٹ میٹر نصب کردئیے تھے اب ان کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ گلستان کالونی میں واٹر سپلائی کنکشنز پر نئے سمارٹ میٹر انسٹال کئے جائیں گے تاکہ پانی کو ضائع ہونے سے روکا جا سکے، اسی طرح جس گھر میں جتنی ضرورت ہے وہ اتنا ہی پانی استعمال کریں اور اسی حساب سے ماہانہ بل جاری کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہا ہے جس میں جائیکا کی بھرپور معاونت شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں