فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب اتھارٹی عابد حسین بھٹی نے صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کیلئے تحصیل سمندری کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے سمندری کے مختلف علاقوں، اہم شاہرائوں، قبرستانوں، پبلک پارکس، اور ہسپتالو ں میں صفائی کے جاری انتظامات کو چیک کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل سمندری قمر محمود منج بھی انکے ہمراہ تھے۔ایم ڈی ستھرا پنجاب عابد حسین بھٹی نے کمرشل مارکیٹس میں مینول سویپنگ اور واشنگ آپریشنز کا جائزہ لیا۔انہوں نے گھر گھر جا کر شہریوں سے ویسٹ کولیکشن کے بارے بھی دریافت کیا۔انہوں نے شہریوں کی شکایات سنی اور انکے فوری ازالے کے احکامات جاری کئے۔علاوہ ازیں دوکانداروں کی جانب سے کھلے عام کوڑا کرکٹ پھینکنے پر زیرو ٹالرنس کے تحت کاروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ انہوں نے متعلقہ عملہ کو سخت مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے شکایات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔قبل ازیں اپنے دورہ کے دوران ڈمپ سائیٹ،تفریحی مقامات، بس اسٹینڈ،ہسپتال اور بالخصوص قبرستانوں میں بھی عملہ صفائی کی تعیناتی اور صفائی کے معیار کو چیک کیا گیا۔




