فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے13 کروڑ روپے کی لاگت سے ماموں کانجن تاندلیانوالہ روڈ سے احسان چوک امام بارگاہ تک 3.9 کلومیٹر سڑک کی مرمت وبحالی اور تعمیر کی منظوری دے دی۔علاوہ ازیں 20 کروڑ روپے سے امین پور بازار اور39 کروڑ روپے کی لاگت سے جھنگ بازار کی بیوٹیفیکیشن کے منصوبوں پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی۔اسی طرح 12 کروڑ روپے سے ضلع چنیوٹ میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر کی نظر ثانی شدہ منظوری بھی دی۔اجلاس میں 37 کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ گرلز گریجوایٹ کالج غلام محمد آباد میں کلثوم نواز بلاک اور عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی پر عملدرآمد اورکروڑوں روپے کی لاگت سے ہائی ویز کے زیراہتمام 10 سڑکوں کی مرمت وبحالی اور کارپٹنگ پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقدہوا جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر) ندیم ناصر اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے منصوبوں کی اہمیت اور افادیت پر بریفنگ دی۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے بیوٹیفیکیشن منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 150 دکانوں اور ایک ہزار فٹ لمبائی کے امین پور بازار اور 2 ہزار فٹ لمبے اور 230 دکانوں پر مشتمل جھنگ بازار میں بجلی کی زیر زمین وائرنگ،لائٹس،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن، بینچز کی تنصیب ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ امین پور بازار کے وسط میں گرین بیلٹ کی بجائے پلاٹر لگائے جائیں گے جبکہ جھنگ بازار میں گرین بیلٹ شامل کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دکانوں کے فرنٹ کو یکساں ڈیزائن کے مطابق جاذب نظر اور تاریخی عمارات کی بحالی بھی بیوٹیفیکیشن کا حصہ ہوگی۔ انہوں نے شدید عوامی ضرورت کے منصوبہ ماموں کانجن تاندلیانوالہ روڈ کی مرمت وبحالی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ کمشنرنے ہائی ویز کو سڑکوں کے کام کو معیاری بنانے کی تاکید کی اور فورم سے منظور ہونے والے منصوبوں کے محکمانہ ڈاکومنٹیشن کا کام بلاتاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور پراجیکٹس پر عملدرآمد کرانے والے محکموں کے افسران موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی عمل کی نگرانی جاری رکھیں۔




