ٹریفک حادثات میں ون ویلر سمیت2افراد جاں بحق ،7زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ون ویلر سمیت ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ سات بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مدینہ ٹائون کا رہائشی 22سالہ نوجوان عابد ولد احسان ہنڈا 125 پر سوار ہو کر ٹاٹا بازار میں ون ویلنگ کر رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا اور اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں’ حادثہ کی اطلاع ملے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا، نعش گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، جبکہ دوسرا حادثہ جڑانوالہ روڈ پر پل وانگے والا کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار تین دوست بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے، ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو 21سالہ سید افتخار شاہ ولد سید سعید علی شاہ سکنہ 105 رب زندگی کی بازی ہار چکا تھا جبکہ اس کے دوستوں 30سالہ محمد فرحان ولد رمضان سکنہ اواگت اور 22سالہ محمد بوٹا ولد عبدالغفور سکنہ 154 گ ب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تیسرا حادثہ جھنگ روڈ پر اڈا جھپال کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار موٹرسائیکل رکشہ کا ٹائر نکل جانے سے بے قابو ہو کر مسافر کوچ سے ٹکرا گیا، رکشہ سوار 25سالہ طاہر’ 20سالہ راشد’ 60 سالہ پروین بی بی’ 20سالہ جاوید اور 22سالہ اذان بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں