فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر کام شروع کرنے کا حکم

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں عوامی سہولیات اور جدید ٹرانسپورٹ نظام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ وزیراعلیٰ کے فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت اب تک21روٹس پر سوا لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہو چکے ہیں جبکہ بسوں کے 3560 ٹرپ مکمل کیے جا چکے ہیں۔اس موقع پر صوبے کے10اضلاع اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، منڈی بہائوالدین اور اوکاڑہ میں نئی الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کی منظوری دی گئی اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں ماہ 100 الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچیں گی، مئی کے وسط تک مزید 350 جبکہ جون کے آخر تک 264 بسیں شامل ہو جائیں گی، ہر ڈویژن میں الیکٹرو بسوں کے لیے خصوصی بس ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا،وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔اجلاس کے دوران گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیاجبکہ پنجاب کی پہلی ای ٹیکسی اسکیم پر بھی بریفنگ دی گئی، حکام کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میٹرو بس اسٹیشنز کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔ ایمپاور۔ہر پراجیکٹ کے تحت لاہور میں جدید بس اسٹیشنز کی تنصیب کا جائزہ لیا گیا، جبکہ سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب میں جدید، ماحول دوست اور عوامی سہولیات پر مبنی ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں