پنجاب حکومت کابڑااعلان

لاہور (بیوروچیف) پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ (PEEF)نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے صوبہ بلوچستان کے ذہین اور مستحق طلبا و طالبات کے لیے460سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہییہ سکالرشپس بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے اشتراک سے فراہم کی جائیں گی، جن کا مقصد باصلاحیت طلبا کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ سکالرشپ کے لیے وہ طلبا اہل ہوں گے جنہوں نے میٹرک، انٹرمیڈیٹ یا ٹیکنیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات 2025 میں بلوچستان بورڈ سے کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں۔ اسی طرح بی ایس اور ڈی اے ای پروگرام کے طلبا بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ ایم ایس اور ایم فیل پروگرام کے لیے کم از کم 2.5 سی جی پی اے یا 60 فیصد نمبر اور بلوچستان کی کسی پبلک سیکٹر یونیورسٹی میں داخلہ ضروری ہے۔ درخواستگزار کا بلوچستان کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے اور والدین کی ماہانہ آمدن 60 ہزار روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو سکالرشپ فارم کے ساتھ تمام ضروری تصدیق شدہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔ جن میں تعلیمی اسناد، شناختی دستاویزات، ڈومیسائل، آمدن کا سرٹیفیکیٹ اور پاسپورٹ سائز تصاویر شامل ہیں۔ درخواستیں صرف متعلقہ تعلیمی ادارے کے فوکل پرسن کے ذریعے بیف آفس میں جمع کروائی جائیں گی، جبکہ براہ راست یا نامکمل درخواستیں مسترد کر دی جائیں گی۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بلوچستان کے طلبا کے لیے ملک کے معیاری تعلیمی اداروں تک رسائی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر بچے کو برابر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں