سعودیہ سے2ارب ڈالر موصول

کراچی(بیوروچیف) پاکستان کو سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹ موصول ہوگئے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں، سعودی عرب نے 5ارب ڈالر ڈپازٹ کو طویل مدت کیلئے توسیع بھی دے دی ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب کا موجودہ 5ارب ڈالر کا ڈپازٹ اب سالانہ بنیاد پر رول اوور کا پابند نہیں رہے گا بلکہ اسے طویل مدت کے لیے بڑھا دیا جائے گا۔ بتایا گیا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی بیرونی فنانسنگ ضروریات کے لیے نہایت اہم وقت پر فراہم کی گئی ہے، جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی کھاتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنے اہداف کے مطابق ذخائر کو تقریباً 18ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے، جو تقریباً 3.3ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو رواں ماہ 3.5ارب ڈالر کی ادائیگی کی جانی ہے، جو زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کا 18فیصد بنتی ہے، تاہم سعودی معاونت کے باعث اس ادائیگی سے ذخائر پر پڑنے والا دبائو کم ہوگا۔دریں اثنا ۔اسلام آباد، جدہ(بیوروچیف) /مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر و تحمل کو سراہا، سعودی ولی عہد کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیاکہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھیگا تاکہ خطے میں دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جدہ میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات تقریبا دو گھنٹے جاری رہی، اس دوران دونوں رہنماں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے لیے یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے حالیہ صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے مثالی صبر اور تحمل کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سعودی قیادت کی سعودی عرب سمیت تمام امن پسند لوگوں کے لیے مثال ہے، سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کو سراہا، وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کی تعریف کی۔اس ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔خیال رہے کہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم قطر اور ترکیہ بھی جائیں گے۔دریں اثنا ۔مدینہ منورہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے روضہ رسولۖ پر حاضری دی اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔وزیراعظم دفتر کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے، گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا مدینہ منورہ آمد پر استقبال کیا۔وزیرِ اعظم نے مدینہ منورہ میں مسجد النبوی میں حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی سمیت دنیا بھر میں امن و آشتی کیلئے دعائیں کیں۔بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم کی آمد پر وزیرِاعظم اور وفد کیلئے روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے، وزیرِاعظم نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت خاص کی اور درود و سلام پیش کیا۔وزیرِاعظم سعودی عرب کا اپنا دورہ مکمل کرکے مدینہ منورہ سے دوحہ جائیں گے، دوحہ میں وزیرِاعظم کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے دو طرفہ ملاقات ہوگی جس میں خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں