فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،قصاب مضر صحت گوشت رکشہ پر لوڈ کرکے فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا رحمان سٹی میں ذبحہ خانہ پر چھاپہ’ قصاب مضرصحت گوشت رکشہ پر لوڈ کر کے فرار ہو گیا، رضاآباد پولیس نے قصاب طلحہ اور اس کے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایف ایس او حافظ رمیض نے اپنے مخبر کی اطلاع پر عملہ کے ہمراہ رحمان سٹی گلی نمبر2 میں طلحہ نامی قصاب کے ذبحہ خانہ پر چھاپہ مارا تو وہاں پر بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کر کے گوشت لٹکایا ہوا تھا اور جگہ جگہ گندگی اور خون بکھرا ہوا تھا۔ جس پر ویٹرنری ڈاکٹر کی تشخیص پر 160کلو مضرصحت گوشت قبضہ میں لے لیا اور قصاب نے مفرور رکشہ کو بلایا اور فوڈ اتھارٹی کی موجودگی میں مضرصحت گوشت تلف کرنے کیلئے رکشہ پر لوڈ کروایا اور اسکے ساتھی حسنین رضا’ آفاق’ وسیم وغیرہ بھی آ گئے کہ اچانک بجلی بند ہو گئی تو قصاب اور اسکے ساتھیوں نے بجلی کی بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فوڈاتھارٹی کی ٹیم سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے مضر صحت گوشت رکشہ پر لوڈ کر کے فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں