لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے6فلیگ شپ ہیلتھ پراجیکٹس کامیابی سے جاری ہیں، جن کے ذریعے صوبے بھر میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب سمیت پوری ٹیم کو شاباش دی۔ اجلاس میںبتایا گیا کہ مختصر ترین مدت میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد مریض مختلف طبی سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔بریفنگ کے مطابق “کلینک آن ویل” پروگرام کے تحت ایک کروڑ 82 لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا، جبکہ 70 لاکھ الٹراسائونڈ اور 12 لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے گئے۔ اسی طرح فیلڈ ہسپتالوں میں 28 لاکھ مریضوں کا علاج کیا گیا، جہاں 4 لاکھ 48 ہزار سے زائد لیب ٹیسٹ اور 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد ایکسرے اور الٹراسائونڈ کیے گئے۔مزید بتایا گیا کہ 30 ہزار سے زائد مریضوں کو گھر بیٹھے انسولین، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کی مفت ادویات فراہم کی گئیں، جن میں ذیابیطس کے 2242، ہیپاٹائٹس کے 14286 اور تپ دق کے 13864 مریض شامل ہیں۔صوبے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ 1217 مراکز صحت کی ری ویمپنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ فیز ون میں 1026 بنیادی مراکز صحت اور 191 دیہی مراکز صحت، جبکہ فیز ٹو میں 433 بنیادی مراکز صحت اور 81 آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن مکمل کی گئی ہے۔ فیز تھری میں مزید 895 مراکز کی تعمیر و بحالی تیزی سے جاری ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز نے پنجاب بھر میں 6 کروڑ 30 لاکھ افراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے اور 80 لاکھ گھرانوں سمیت ایک کروڑ گھروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔مزید برآں، پنجاب کے چار اضلاع جہلم، جھنگ، میانوالی اور وہاڑی کے ضلعی ہسپتالوں میں امراض قلب کے مراکز کامیابی سے کام کر رہے ہیں، جہاں اب تک 1628 مختلف پروسیجرز کیے جا چکے ہیں، جن میں 1055 انجیوگرافی اور 559 انجیو پلاسٹی شامل ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے تحت صوبے بھر کے ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور ہر مریض کو ہسپتال پہنچنے کے اوسطا 5 منٹ کے اندر علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ضلعی ہسپتالوں میں سٹروک مینجمنٹ سنٹرز کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مراکز صحت کی ری ویمپنگ کا عمل رواں سال مکمل کیا جائے۔ انہوں نے نرسنگ ڈگری کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں نشستیں بڑھانے کی بھی ہدایت جاری کی۔حکام کے مطابق یہ اقدامات پنجاب میں صحت کے شعبے میں بہتری اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔




