فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت برآمدات کو فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر وہی سہولتیں مہیا کی جا رہیں جو کراچی میں میسر ہیں اس لئے مقامی برآمد کنندگان کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات کلکٹر کسٹمزاپریزمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر رضوان بشارت نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک خصوصی آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر برآمدی کنٹینر کھولنے کی شکایات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں آر ٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس سے پتہ چلایا جا سکتا ہے کہ کنٹینر کو کب اور کس جگہ کھولا گیا۔ انہوں نے نئے جاری ہونے والے ایس آر او کی وضاحت بھی کی اور کہا کہ پہلے اس سکیم کے تحت جس درآمدی مال کو 9ماہ کے دوران استعمال کرنا لازمی تھا۔ اب اُس کی مدت بڑھا کے 18ماہ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایس آر او 18مارچ سے نافذ ہو گیا ہے اور جن درآمدی کنندگان نے اس سکیم کے تحت پہلے سے ہی مال درآمد کر رکھا ہے اُن کو خود بخود یہ توسیع مل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم کے تحت درآمدی مال کی برآمد کی صورت میں رئیل ٹائم کے مطابق خود بخود اِس کی ایڈجسٹمنٹ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی مال کی تیاری کے بعد برآمد کرنے کی صورتحال میں وقت کا تعین ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ایس آر او کے تحت ای ایف ایس کا لائسنس ایک سال کیلئے جاری ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سکیم میں 18ماہ سے زائد کی تو سیع کی صورت میں بورڈ میں جانا ہوگا۔ اس سے قبل مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن سکیم نے ٹیکسٹائل کے برآمد کنندگان کی مسابقتی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ حال میں ہی اس ایس آر او میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں برآمد کنندگان کو آگاہ کرنے کیلئے اس سیشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس سیشن سے برآمد کنندگان کو سکیم میں ہونے والی ترامیم کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس سے پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احمد افضل اعوان نے کہا کہ سکیم کے تحت مکمل درآمد مال کی تیاری کے بعد کم برآمد ہونے والے مال کو بھی فوری طور پر ایڈجسٹ کر لیا جائے۔سوال و جواب کی نشست میںمزمل سلطا ن اور عارف احسان ملک نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ ،نائب صدر انجینئر عاصم منیر، ایگزیکٹو ممبران محمد علی، وحید خالق رامے اور چیئرمین اپٹپما بائو محمد اکرم بھی موجود تھے۔




