فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ کینال روڈ پر واقع واپڈا سٹی کی سکیورٹی کا پول کھل گیا’ ڈاکوئوں کا مسلح گروہ ٹریفک وارڈن کے اہل خانہ اور گھر آئے مہمانو ں کو یرغمال بنا کر ڈیڑھ کروڑ سے زائد مالیت کے زیورات’ نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے،واپڈا سٹی کی سخت سکیورٹی کے باوجود آتشیں اسلحہ سے لیس ڈاکوئوں کا مسلح گروہ باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جانا لمحہ فکریہ ہے’ پولیس بھی ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ نہ لگا سکی۔ تفصیل کے مطابق واپڈا سٹی کے رہائشی ٹر یفک وارڈن اخلاق احمد نے بتایا کہ 15 اپریل رات 8بجے کے قریب اس کے گھر 428 کے بلاک واپڈا سٹی میں ڈاکوئوں کا مسلح گروہ جس نے پولیس سے مشابہ یونیفارم ٹی شرٹس پہن رکھی تھی، 9کس آتش اسلحہ سے مسلح ڈاکو گھر داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر اہل خانہ اور اس کے بیرون ملک سے آنیوالے عزیز’ خواتین کو یرغمال بنا کر کمرہ میں بند کر دیا اور ان کے پاس مٹرولہ سیٹ بھی تھا اور ایک ساتھی کو میجر کے نام سے پکار رہے تھے۔ اہل خانہ اور بیرون ملک سے آنیوالی خواتین مہمانوں سے تقریباً 22تولے زیورات’ ڈائمنڈ کی انگوٹھیاں’ 13لاکھ نقدی’ آئی فونز’ کلائی گھڑیاں اتروا لیں اور گھر کی تلاشی لیتے ہوئے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر باآسانی موقع سے فرار ہو گئے۔ تاہم بعدازاں موبائل فونز اور آرٹیفیشل زیورات پھینک کر فرار ہو گئے۔ چھینے جانے والے زیورات’ نقدی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ سے زائد بتائی جاتی ہے۔ واپڈا سٹی میں ڈیڑھ کروڑ کی واردات کے بعد علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور واپڈا سٹی کی سکیورٹی بھی سوالیہ نشان بن گئی۔ ڈکیتی کی بڑی واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران وپولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم ابھی تک واردات کرنیوالے ڈاکوئوں کے گروہ کا ابھی تک سراغ نہ لگا سکی۔




