فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے شہر بھر میں پبلک ٹائلٹس کی موجودگی کا سروے کرنیکا حکم دیا اور کہا کہ پبلک ٹائلٹس کو فوری طور پر فعال کرایا جائے جبکہ نئے ایگزیکیٹو پبلک ٹائلٹس کے قیام کیلئے بھی اقدامات کریں ۔ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر کی زیر صدارت میونسپل کارپور یشن میں بریفنگ اجلاس منعقد ہو ا۔کمشنر نے کہا کہ پبلک مقامات پرشہریوں کو ٹائلٹس کی سہولت کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔انہوں نے شعبہ پلاننگ، ریگولیشن، انفراسٹرکچر ودیگر سے پراگریس پر بریفنگ لی اوربلڈنگز بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیں۔انہوں نے تجاوزات مافیا کے خلاف پوری قانونی قوت سے اپریشن جاری رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ شہر میں پولز ودیگر مقامات پر لگے بینرز بھی ہٹائے جائیں۔انہوں نے چیف آفیسر کو سڑکوں پر سائن بورڈز نصب کرانے کا ٹاسک بھی تفویض کیا۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت وبحالی کے جاری کاموں کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو میونسپل سروسز اور سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش ہے۔




