نئی آٹو پالیسی آنے سے گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) مقامی پیداوار کے فروغ اور گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے نئی آٹو پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت وپیداوار ہارون اخترکہتے ہیں کہ نئی پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کی جائے گی، آٹو پارٹس کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا حکومت کی آٹو پالیسی کا بنیادی ہدف ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوارہارون اختر کی زیرصدارت اجلاس میں نئی آٹو پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں آٹو پارٹس کی مقامی سطح پر تیاری کو خصوصی اہمیت دی گئی،اجلاس میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) پارٹس مینوفیکچرنگ کے لیے خصوصی مراعات دینے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ہارون اختر خان نیاس موقع پر کہا کہ وزارت مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے آٹو پارٹس کی جامع فہرست مرتب کر رہی ہے،آئندہ پانچ برسوں میں مقامی طور پر تیار ہونے والے پارٹس کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا تاکہ مقامی صنعت کو فروغ دیا جا سکے،نئی آٹو پالیسی جامع ہوگی اور ملکی آٹو موٹیو شعبے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی،موثر پالیسی اقدامات کے ذریعے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی لانا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔سیکرٹری صنعت نے بتایا کہ نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہ مراعات زیر غور ہیں۔جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہارون اختر خان نے آٹو پارٹس سازوں پر زور دیا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کی جانب منتقل ہوں۔ہارون اخترنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نئی آٹو پالیسی مقامی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گی اور برآمدات کو فروغ دے گی، پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کی جائے گی۔ہارون اختر خان نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کو یقینی بنائے تاکہ ایک جامع اور موثر پالیسی فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں