اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی میں پائیدار ماہی گیری کے فروغ اور کم گہرے پانیوں میں آپریشنز بہتر بنانے کیلئے12 کروڑ روپے کی لاگت سے ماحول دوست فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر شاہد اسلم، چیئرمین ابرار عاصم اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے منصوبے کو چھوٹے ماہی گیروں کے لیے سہولیات کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیٹی جون 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ فلوٹنگ جیٹی کے قیام سے ماہی گیروں کو سمندر تک محفوظ اور قابلِ اعتماد رسائی حاصل ہوگی جبکہ مچھلی کے شکار کی بروقت اْترائی اور ترسیل بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے شعبے کی مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور ساحلی آبادی کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔




