پاکستان عالمی معاشی دبائو کے باوجود مستحکم (اداریہ)

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی معاشی دبائو کے باوجود مستحکم ہے حکومت مہنگائی کے دبائو کو کم کرنے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کر رہی ہے گورننس کی بہتری اور کرپشن کا خاتمہ آئی ایم ایف کا نہیں بلکہ حکومت پاکستان کا مشن ہے ان خیالات کا اظہار وزیرخزانہ نے واشنگٹن میں چین کے ٹی وی کو انٹرویو اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ’ زراعت اور کم آمدنی والے طبقے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے پاکستان کی معیشت عالمی دبائو کے باوجود اس وقت مستحکم ہے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس بھی حاصل ہوا ہے وزیر خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران معاشی شرح نمو تقریباً 4فی صد رہنے کی توقع ہے محمد اورنگ زیب نے خبردار کیا کہ اگر عالمی کشیدگی طویل عرصے تک برقرار رہی تو مہنگائی’ برآمدات اور مجموعی معاشی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے پاکستان تبدیلی سے نمٹنے کیلئے قابل تجدید توانائی اور جدید ٹیکنالوجی پر توجہ دے رہا ہے جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں صنعتی اور زرعی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے گورننس سسٹم اور بدعنوانی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور آئی ایم ایف نے سیاستدانوں اور اعلیٰ حکام کی مالی تفصیلات طلب کی ہیں صحافی کے سوال پر وزیرخزانہ نے کہا کرپشن اور بیڈگورننس کے خاتمے کیلئے ایکشن پلان جاری کر دیا گیا ہے گورننس کے نظام میں بہتری کیلئے متعدد کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار کے اجلاسوں کے موقع پر امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر فرانسس بروک سے ایک مفید ملاقات کی وزیرخزانہ نے پاکستان کے میکرواکنامک استحکام بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کے منصوبے اور بیرونی قرضہ جات کے نظم ونسق کی حکمت عملی کا جائزہ پیش کیا انہوں نے پاکستان کے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع کو اجاگر کیا امریکی محکمہ خزانہ کی قیادت کو ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثہ جاتی ضوابط میں پیش رفت اور امکانات سے آگاہ کیا دونوں فریقین نے توانائی معدنی ترقی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے تدارک کے فریم ورک کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا وزیرخزانہ نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF پروگرام کے لیے امریکہ کی مسلسل حمایت کی اہمیت پر زور دیا،، پاکستانی معیشت کا عالمی دبائو کے باوجود مستحکم ہونے کی نیوز بلاشبہ حوصلہ افزاء ہے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا واشنگٹن میں چینی ٹی وی کو انٹرویو اور میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کرنا کہ پاکستان عالمی دبائو کے باوجود مستحکم ہے خوش آئند ہے وزیرخزانہ نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار کے اجلاسوں کے موقع پر امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر فرانسس بروک سے اہم ملاقات میں پاکستان کے میکرواکنامک استحکام بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کے منصوبے اور بیرونی قرضہ جات کے نظم ونسق کی حکمت عملی کا جائزہ پیش کیا اور پاکستان کے معدنیات اور توانائی شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع کو اجاگر کیا جس کی تعریف کی گئی،، بلاشبہ اس وقت وزیراعظم’ نائب وزیراعظم وزیر خزانہ اور کابینہ ارکان ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے متحرک ہیں وزیراعظم شہباز شریف نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگ زیب کی معیشت کے استحکام کیلئے کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہو رہی ہیں ورلڈ بنک’ ایشیائی ترقیاتی بنک اور آئی ایم ایف سب ہی پاکستان کی معاشی ترقی سے مطمئن ہیں امید ہے کہ پاکستان معاشی ترقی کیلئے اپنے اہداف ضرور حاصل کریگا موجودہ حکومت کی معیشت کی مضبوطی کیلئے کوششیں بارآور ہو رہی ہیں اور انشاء اﷲ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں