حسیب شہید روڈ کی تعمیر میں تاخیر،آمدورفت میں شدید مشکلات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حسیب شہید کالونی کی مین سڑک کی تعمیر مسلسل تاخیر کا شکار’ ٹھیکیدار بجری ڈال کر غائب ہو گیا’ یہ بجری اہل علاقہ کے لیے عذاب بن چکی ہے ‘ اہل علاقہ اور اس سڑک پر موجود سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی صحت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے’ خشک بجری سے اٹھنے والی دھول سے دکاندار سخت پریشان ہیں’ سڑک سے نکلنے والے پتھر راہگیروں کو زخمی کر رہے ہیں’ کالونی کی اس مرکزی سڑک پر اہل علاقہ روزانہ صبح شام پانی کا چھڑکائو کرتے ہیں۔ سڑک کی تکمیل کے لئے بارہا رابطہ کرنے کے باوجود ٹھیکیدار کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی’ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑک کی تعمیر کیلئے فنڈز نہیں تھے تو سڑک پر بجری ڈال کر علاقہ مکینوں کو کیوں اذیت دی گئی’ اس سڑک کی تعمیر کا جن لوگوں نے کریڈٹ لینے کے فلیکس اور بینر لگائے تھے، وہ بھی اہل علاقہ کو تکلیف میں دیکھ کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں’ علاقہ مکینوں نے ٹکٹ ہولڈر پاکستان مسلم لیگ (ن) این اے 101میاں عرفان منان اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 114 شیخ محمد یوسف سے اپیل کی ہے کہ حسیب شہید کالونی کی مین سڑک کی تعمیر جلد مکمل کی جائے اور علاقہ مکینوں کو اس اذیت سے نکالا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں