کمالیہ (نامہ نگار)کمالیہ سے فیصل آباد کے درمیان سفر کرنیوالے شہریوں نے ٹرانسپورٹ مافیا کی جانب سے من مانا کرایہ وصول کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے اس روٹ کا سرکاری کرایہ 335 روپے مقرر کیا گیا ہے ، مگر نان اے سی وینز کے مالکان مسافروں سے 650روپے تک وصول کر رہے ہیں، جو سراسر زیادتی ہے ۔مسافروں کے مطابق بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی مثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرایہ نامہ تو جاری کر دیا جاتا ہے ، مگر اس پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ٹرانسپورٹرز کھلے عام سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔متاثرہ مسافروں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار سرکاری شکایت سیل میں درخواستیں بھی جمع کروائیں، لیکن ہر بار ٹال مٹول سے کام لیا گیا اور مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے ۔ شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری کرایہ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے ۔




