فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کا اضلاع کے ساتھ تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے تحصیل چک جھمرہ کا تفصیلی دورہ کیا۔وہ زیرتعمیرپنجاب انفورسمنٹ اینڈریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) آفس گئیں اورتعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ بلڈنگ کو جلد ازجلد مکمل کرایا جائے کمشنرفیصل آباد نے جناح پارک چک جھمرہ کا دورہ کرکے پارک میں تفریحی سہولیات چیک کیں اور پارک کو مزید دلکش بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تفریح کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمشنر نے موچی بازار کا دورہ کیا اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے جاری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اورکام میں مزید تیزی لانے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ شفافیت پر زیروٹالرنس ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ خریداروں کو دلکش ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے جس کے لئے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں پراجیکٹس مکمل کئے جارہے ہیں۔کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چک جھمرہ کا دورہ بھی کیا اور وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔انہوں نے ڈاکٹرز وسٹاف کی حاضری،ادویات سٹور میں میڈیسن کی دستیابی و ریکارڈ اورصفائی کی صورتحال کا بھی مشاہدہ کیا۔کمشنر نے مریضوں و لواحقین سے ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ اضلاع کے ساتھ تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔قبل ازیں کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن لاہور میں 39ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا افسران سے کمشنر آفس میں ملاقات کی اور انہیں خوش آمدید کہا۔کمشنر نے ڈویژن کے تاریخی وثقافتی،صنعتی وجغرافیائی اور انتظامی امور سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔انہوں نے شعبہ صحت اور تعلیم میں جاری اقدامات پر بریفنگ دی اورڈویژن میں بیوٹیفکیشن کے پراجیکٹس اور عوامی بہبود کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے انڈسٹری ری لوکیشن کے جاری پلان پر بھی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق ڈویژن میں ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔ماحولیاتی تحفظ کے لئے آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والی انڈسٹری کو پہلے مرحلہ میں صنعتی زونز میں منتقل کرائیں گے۔کمشنر نے افسران کی طرف سے کئے گئے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔اس موقع پرشیلڈز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔افسران کی ٹیم نے مفصل بریفنگ پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔




