فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جرمن کارپور یشن کے تعاون سے کے ایف ڈبلیو (KFW)بنک اور واسا فیصل آباد کے مابین معاہدہ طے ہو گیا ہے جس کے تحت40ملین یورو سے کے ایف ڈبلیو بنک فیصل آباد میں باہمی کلائمیٹ ریزسٹینس پراجیکٹ مکمل کیا جائے گا۔اس ضمن میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں جرمن کی پاکستان میں تعینات سفیر مس اینا لیپل ( H.E. Ms. Ina Lepel) مہمان خصوصی تھیں اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے بطور مہمانان اعزاز شرکت کی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ شعیب ضیا، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر او اینڈ ایم عثمان ضیا، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حنا سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی سانول ملک بھی اس موقع پرموجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے فیصل آباد میں شہریوں کو پانی کی فراہمی، سیوریج آپریشنز سمیت ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس پر جرمن سفیر نے ان کی کاوشوں کا سراہا۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے واسا فیصل آباد کے زیر انتظام مکمل کئے گئے فارن فنڈڈ پراجیکٹس بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ جرمن سفیر مسز اینا لیپل نے جرمن کوآپریشن سے کے ایف ڈبلیو بنک اور واسا فیصل آباد کے زیر انتظام واٹر سپلائی میں مزید بہتری کے لئے مذکورہ پراجیکٹ کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ پراجیکٹ کے تحت ان لائن پر 25ٹیوب ویلز کو بحال کیا جائے گا جبکہ ایک نیا ٹینک اور 6نئی ٹینکیاں تعمیر کی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ گلفشاں واٹر ورکس کو 3 ملین گیلن کے جدید ریپڈ سینڈ فلٹر پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پراجیکٹ کا پی سی ون تیار کیا جائے گا اور آئندہ چند ماہ میں پراجیکٹ پر باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ مجوزہ پراجیکٹ کی تکمیل سے واسا فیصل آباد شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں مزید جدت لائے گا جس سے ایک طرف پانی کا معیار بہترین اور پانی کا ضیاع سے بچا بھی ممکن ہو گا۔بعد ازاں جرمن سفیر مسز اینا لیپل نے ڈائیوو روڈ پر قائم ٹرمینل ریزروائر کا وزٹ کیا جہاں انہوں نے پمپنگ اسٹیشنز سمیت دیگر تنصیاب کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ کو سراہا۔




