فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ غذائی استحکام اور منافع بخش زراعت کو یقینی بنانے کے لیے کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنڈیکیٹ روم میں 39ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے ان لینڈ سٹڈی ٹور کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر اسٹاف فاروق عدیل اور جمال الرحمٰن کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈینز، ڈائریکٹرز اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی شعبہ اس وقت سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے جن میں موسمیاتی تبدیلی، کم پیداوار، مٹی کے مسائل اور دیگر امور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی دستیاب ہونے کے باوجود عام کسان جدید طریقہ کاشت کو اختیار نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایسے ہنر مند اور تکنیکی طور پر ماہر افراد تیار کر رہی ہے جو زرعی شعبے میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار کاشتکاری کے لیے مٹی کی صحت میں بہتری بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسٹینشن سروسز اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن ٹولز تحقیق اور عملی میدان کے درمیان خلا کو پر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پسند کسان فی ایکڑ اوسط پیداوار کے مقابلے میں دوگنی پیداوار حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 48 سائنسدان دنیا کے ٹاپ 2 فیصد سائنسدانوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیو ایس رینکنگ کے مطابق یونیورسٹی نے ایگریکلچر اینڈ فارسٹری کے مضمون میں عالمی سطح پر 33ویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ویٹرنری سائنس میں 61ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ وفد نے مین لائبریری، سوائل سائنسز، ہارٹیکلچر سائنسز سمیت دیگر شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔




