فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منشیات کے 167 جھوٹے مقدمات فیصل آباد پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے، ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں معاملہ اٹھا کر طوفان برپا کر دیا اس کے بعد ایم پی اے رانا احمد شہریار خاں نے بھی اس معاملے پر بھرپور سوالات اٹھا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے حلقہ پی پی115 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے پنجاب اسمبلی میں تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سے پنجاب حکومت کی جانب سے منشیات فروشوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے تب سے پولیس ملازمین کی چاندی ہو گئی ہے صوبہ بھر کے ہر چھوٹے بڑے قصبہ اور شہروں کے تھانوں میں 9C کے تحت جھوٹے اور فرض ناموں پر مقدمات درج کر کے شہریوں سے لاکھوں روپے لیکر مقدمات ختم کئے جا رہے ہیں۔ خصوصاً فیصل آباد میں گزشتہ چند ماہ کے دوران پولیس کی جانب سے منشیات فروشی کے 167 مقدمات درج کر کے لاکھوں روپے کے عوض یہ مقدمات ختم کئے گئے ہیں۔ میاں طاہر جمیل کی اس تحریک پر پنجاب اسمبلی کے ایوان میں طوفان برپا ہو گیا جس پر گزشتہ روز آئی جی پنجاب پولیس رائو عبدالکریم پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش ہوئے اور وضاحت پیش کی، دوسری طرف فیصل آباد کے ہی حلقہ پی پی116 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے’ سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ خاں کے داماد رانا احمد شہریار خاں نے بھی اس معاملے پر پنجاب اسمبلی کے ایوان میں سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پولیس سادہ لوح شہریوں کو منشیات کے جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے، منشیات کے کیسز مشکوک ہیں، منشیات کے ہر مقدمہ میں نیلا شاپر کہاں سے آتا ہے، مقدمہ مدعی کے پاس کونسا نیلا شاپر ہے جو ہر ایف آئی آر میں برآمد ہوتا ہے، چند ماہ قبل یہی الزامات ہمارے اوپر بھی لگائے گئے تھے۔ پنجاب پولیس وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ فیصل آباد کے دو اہم ایم پی ایز کی جانب سے اس معاملہ پر آواز اٹھانے کے بعد یہ معاملہ فیصل آباد پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے اور یہ معاملہ افسران کیلئے گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے جو نیک نامی کمانے کی کوشش کی تھی اس پر پانی پھر گیا ہے، اب یہ معاملہ صرف وائس چیئرمین پر جھوٹے مقدمہ کا نہیں رہا اس میں فیصل آباد کی پوری پولیس لپیٹ میں آ گئی ہے، جن ایم پی ایز نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں یہ معاملہ اٹھایا ہے وہ دونوں ہی مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما ہیں میاں طاہر جمیل عوام کے ہر دلعزیز لیڈر اور سدابہار ایم پی اے ہیں، رانا احمد شہریار خاں سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ خاں کے داماد ہیں ان کی طرف سے آواز اٹھانا معمولی بات نہیں ہے، اب اس بات کا فیصل آباد پولیس کے افسران کو جواب دینا پڑیگا، ایک طرف تو دو ایم پی ایز پنجاب اسمبلی میں آواز اٹھا رہے ہیں تو دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے اور ٹکٹ ہولڈرز نے ضلع کونسل میں احتجاج کیا اور قیادت کے پوچھنے پر اب آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کو اس معاملہ کا فوری نوٹس لیکر فیصل آباد پولیس کا قبلہ درست کرنا چاہیے، ورنہ ان جھوٹے مقدمات سے حکومت پنجاب کا جو امیج بنا ہے وہ تباہ ہو جائیگا۔




