مزدا نے6سالہ بچی کو کچل ڈالا،کیری ڈبہ اور کار میں تصادم ،نوجوان جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تیز رفتار مزدا ٹرک نے گلی میں کھیلتے ہوئے 6سالہ بچی کو کچل دیا، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 19ج ب کے رہائشی عمران کی 6سالہ بیٹی شمس فاطمہ گھر کے باہر گلی میں کھیل رہی تھی کہ اچانک تیز رفتار مزدا ٹرک نے بچی کو روند ڈالا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی کی نعش گھر پہنچنے پر والدین غم سے نڈھال ہو گئے اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ تاہم پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری کے علاقہ بائی پاس کے قریب تیز رفتار کیری ڈبہ اور کار میں تصادم کے باعث کار سوار نوجوان جاں بحق’ دو افراد بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق سمندری کے رہائشی اجمل نے بتایا کہ وہ اپنے عزیز طالب حسین’ رمضان کے ہمراہ کار پر تاندلیانوالہ کی جانب جا رہے تھے کہ جب وہ بائی پاس کے قریب پہنچے تو مخالف سمت سے آنیوالے تیز رفتار کیری ڈبہ کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے فوری طور پر ہسپتال لایا گیا جہاں پر طالب حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں