فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی ترقی کے اقدامات کے تحت کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ڈویژنل ماڈل کالج سمن آباد کیمپس کا دورہ کیا اور دستیاب تعلیمی و تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کلاس رومز کا دورہ بھی کیا اورڈویژنل ماڈل کالج میں اب تک مختصر ترین وقت میں پرائمری سیکشن میں 103طالب علموں کی انرولمنٹ کو سراہا۔کمشنر نے کالج میں دستیاب اراضی پر اضافی کلاس رومز کی تعمیر فوری شروع کرنے کا گرین سگنل دیا اور اس ضمن میں ڈائریکٹر سکولز سیل کو ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل ماڈل کالج ہائی اور ہائر سیکنڈری سیکشن کے لئے ایوب ریسرچ جھنگ روڈ پر اراضی حاصل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں پبلک سکولوں کا جال بچھایا جارہا ہے اور سمن آباد کیمپس کے قیام کے بعدایوب ریسرچ میں بھی کیمپس تعمیر کراکر طالب علموں کو گھروں کے نزدیک کم فیسوں میں معیاری اور بامقصد تعلیمی سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں بھی ڈویژنل ماڈل کالج کی تعمیر تیز رفتاری سے جاری ہے۔پرنسپل ڈویژنل ماڈل کالج یاسین مرزا نے بتایا کہ سمن آباد کیمپس میں انرولمنٹ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور مزید کلاس رومز درکار ہیں۔انہوں نے تدریسی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔ڈائریکٹر سکولز سیل/ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔




