زرعی یونیورسٹی میں عالمی امن سازی اور سفارت کاری پر سیمینار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ”عالمی امن سازی اور سفارتکاری میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کردار” کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی جبکہ اس کا انعقاد آفس آف دی سینئر ٹیوٹر کے تحت کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی اور روٹریکٹ کلب کے اشتراک سے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے عالمی امن، سفارتکاری اور مثبت بین الاقوامی روابط میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ہم آہنگی، برداشت اور مکالمے کے فروغ میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ثالثی کا کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے سفیر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک غیر جانبدار اور قابل اعتماد پلیٹ فارم فراہم کر کے ہماری ریاستی اداروں نے عالمی امن کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ سیمینار میں ڈاکٹر محمد اظہر اور ڈاکٹر انسا جمشید نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن سازی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر رافع مزمل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں