فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مصور پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحم اللہ علیہ عظیم شاعر ، مسلمانان برصغیر کے محسن اور عظیم فکری رہنما تھے جنھوں نے اپنی شاعری کے ذریعے توحید وسنت کا پرچار اور مسلمانوں کو انگریز کی غلامی سے آزادی کا درس دیا ۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی نے یوم اقبال کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال بہت بڑے قانون دان بھی تھے جنہوں نے قوم کو خودی ، ایمان اور فکری آزادی کا پیغام دیا ۔ علامہ اقبال کے افکار نے محکوم قوم کو بیداری ، خود اعتمادی اور جہد مسلسل کا شعور دیا ۔ قوم میں محبت ، اخوت و بیداری ملت کو مقصد حیات قرار دیا ۔ انہوں نے ایک ایسے دور میں مسلمانوں کو جگانے کی کوشش کی جب وہ صدیوں کی غلامی اور احساس کمتری کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے ۔ وہ چاہتے تھے کہ مسلمانوں کے پاس بھی ایک ایسا خطہ ہونا چاہیے جہاں پر وہ آزادی کے ساتھ اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو بسر کر سکے ۔ انہوں کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی پستی و خواری کی بڑی وجہ قرآن وحدیث سے دوری ہے ۔ علامہ عبدالرشید حجازی کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم ڈاکٹر علامہ محمد اقبال شاعر مشرق ، امت مسلمہ کا درد اور عالمی سیاست پر بھی گہری نظر رکھتے تھے یہی وجہ تھی کہ جنگ عظیم دوم کے بعد برطانیہ اور فرانس نے جب یہودیوں کو فلسطین میں آباد کروایا تو مفکر اسلام کی دور اندیشی نے اس فتنے اور عالمی فساد کو بھانپ لیا تھا مگر افسوس کہ مسلمانوں نے مفکر اسلام کے افکار و نظریات کو پس پشت ڈال دیا۔




