صوبائی وزیر بلال یاسین کی پنجاب بھر کے واساز کی ترقیاتی سکیمیں جلد مکمل کرنیکی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ بلال یاسین نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے واساز کی ترقیاتی سکیموں کو مون سون سیزن سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت جبکہ واضح کیا ہے کہ تعمیراتی سکیموں میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ یہ ہدایات انہوں نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے واساز کے منیجنگ ڈائریکٹرز سے آن لائن اجلاس کے دوران جاری کیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی جس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈائریکٹر فنانس جاوید غنی، ڈائریکٹر ایڈمن عارف سریانی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج کی معیاری سروسز فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کے لئے پنجاب بھر میں اربوں روپے کی سیوریج کی ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے بعد شہری بدلا ہوا پنجاب دیکھیں گے اور ان کو فراہم کردہ بنیادی ضروریات کا معیار بہت بلند ہو گا۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیمیں جون سے قبل مکمل کر لی جائیں تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں اور مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کو ممکن بنایا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے فیصل آباد میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دی جسے صوبائی وزیر نے سراہا۔ ایم ڈی واسا نے یقین دہانی کروائی کہ جاری ترقیاتی سکیمیں اپنے ٹائم لائن کے مطابق مکمل ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں