روشن والا پولیس کی کارروائی،خاتون سمیت5منشیات فروش گرفتار،7کلو سے زائد چرس برآمد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) روشن والا پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا اور مختلف مقامات پر چھاپے مار کر خاتون سمیت 5منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 7کلو 800 گرام چرس برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ روشن والا شاہد پرویز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقہ کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ملزمان کو پکڑ لیا۔ تفصیل کے مطابق سمندری روڈ بھٹہ سٹاپ کے قریب منشیات فروش نسیم بانو زوجہ گلزار سکنہ 232 رب رسالہ والا کو قابو کر کے اس کے قبضہ سے 1360 گرام چرس برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی۔ روشن والا بائی پاس کے قریب چھاپہ مار کر بدنام منشیات فروش محمد وقار ولد غلام حسین سکنہ سمن آباد سے 1400 گرام اور اس کے ساتھی سبحان ولد اﷲ دتہ سکنہ یاسر ٹائون سے 610 گرام چرس برآمد ہوئی۔ 244 رب وسیراں میں ریڈ کر کے منشیات فروش شرجیل عاصم ولد مہندی خان کو قابو کر کے اس کے قبضہ سے 1480 گرام چرس برآمد کر کے بازپرس شروع کر دی۔ 249 رب کے قریب بیکو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروخت کیلئے آنے والے منشیات فروش صفدر علی ولد لیاقت علی سکنہ 244 رب کو قابو کر کے اس کے قبضہ سے ڈیڑھ کلو گرام چرس برآمد کی۔ 243 رب میں چھاپہ مار کر منشیات فروش فیصل مسیح ولد منور مسیح سکنہ کمال آباد کو گرفتار کر کے ڈیڑھ کلو گرام چرس برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں