فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ مکوآنہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں گولی لگنے سے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ریسکیو15 پر کال موصول ہوئی کہ موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے رمضان نامی شہری سے موٹرسائیکل اور 20ہزار چھین کر فرار ہوئے ہیں تو اطلاع ملتے ہی چوکی انچارج مکوآنہ نے خانوآنہ چوک میں ناکہ بندی کی اور موٹرسائیکلوں پر سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے مکوآنہ کی طرف فرار ہو گئے۔ تاہم مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر محمد علی نے بھی پولیس کی نفری کیساتھ تعاقب کیا تو مکوآنہ فلور مل کے قریب آمنا سامنا ہوا۔ ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں پڑا تھا، جس نے اپنا نام زین ولد خالق سکنہ الٰہی آباد بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ نکلا۔ جسے ہسپتال منتقل کیا اور اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




