پاکستان اورروس تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) روس کے تجارتی وزیر ڈینس نیوزوروف نے کہا ہے کہ پاکستان او ر روس کے درمیان تجارت، زراعت اور تعلیمی شعبو ں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈینز وڈائریکٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور روس کے زرعی اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ڈینس نیوزوروف نے کہا کہ دونوں دوستانہ ممالک کے تعلقات میں خاص طور پر زراعت کے شعبے میں بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستان سے آلو اور سمندری خوراک جیسی اشیاء خریدنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے زرعی مشینری اور ویکسین کے شعبوں میں بھی تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان زرعی مصنوعات کے لیے ایک بڑی منڈی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس پاکستان کو غذائی تحفظ کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور روس گندم کا ایک بڑا برآمد کنندہ ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے زرعی یونیورسٹی میں روسی زبان کے مرکز اور کورس کے اجراء کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طلبہ اور کمیونٹی کو فائدہ پہنچایا جا سکے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کی نشاندہی کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقین باہمی روابط، نیٹ ورکنگ اور اشتراک کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور روسی اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتیں پہلے ہی موجود ہیں اور روسی جامعات کے ساتھ تعلقات میں مزید وسعت لائی جائے گی۔ انہوں نے روسی زرعی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کو غذائی تحفظ کے لیے مشترکہ کام کی دعوت بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں