فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے تمام ایمرجنسی کیمپس پر سٹاف کی دستیابی یقینی اور مشینری کو آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ واضح کیا کہ مون سون سیزن سے قبل سیوریج لائنوں، مین چینلز کی ڈی سلٹنگ کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔ ایک اجلاس کی صدا رت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کیلئے شہر بھر میں ایمرجنسی کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں پر چوبیس گھنٹے سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے جبکہ ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینوں سمیت دیگر ضروریات کا سامان دستیاب ہونا چاہئے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ مین چینلز اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مون سون سیزن سے قبل اس ڈی سلٹنگ مہم کو مکمل کیا جا سکے اور یہ بھی واضح کیا کہ تنگ گلیوں اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کیلئے جدید بکٹ مشینری استعمال میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سپلائی کیا جانے والا پانی اعلی معیار کا ہونا چاہئے اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کسی علاقہ سے واٹر سپلائی میں آلودگی کی شکایت ملتی ہے تو فوری وہاں کا مسئلہ حل کرتے ہوئے فراہم کردہ پانی کی سمپلنگ کی جائے تاکہ شہریوں کو مصفا اور اعلی معیار کے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے۔




