زرعی یونیورسٹی کا مقصد غذائی تحفظ اور دیہی ترقی کو فروغ دینا ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا کہ حالیہ تناظر میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے جس بناء پر پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈینز و ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ جرمن سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعاون میں جامعات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جرمن معیشت میں ہم اپنی شراکت داری کو متنوع بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے جرمن کمپنیاں پاکستان کو دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی آئی ایم ایف پروگرامز کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد پاکستان میں ضروری اصلاحات لا کر پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں مشترکہ کام کے لیے مضبوط علمی بنیاد انتہائی ضروری ہے، اسی لیے زرعی یونیورسٹی جیسی معیاری جامعات پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس وقت پاکستان کے 10 ہزار طلبہ جرمنی میں زیر تعلیم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں