ساہیوال (بیورو چیف ) ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم کی جانب سے تھانہ سٹی ساہیوال اور تھانہ غلہ منڈی میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔آر پی او ساہیوال نے سائلین کے مسائل کو فرداً فرداً سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو شفاف، میرٹ پر اور بروقت حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو فوری اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔محمد ایاز سلیم کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریاں عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے، اعتماد کو فروغ دینے اور انصاف کو عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ایسے اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے اور ہر کیس کو میرٹ پر نمٹاتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو سکے۔




