اسلام آباد(بیوروچیف) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے19پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔دریں اثناء ۔اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر کرائے بڑھانے کا اعلان کردیا۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں۔ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر 10 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہورہے ہیں۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے موٹروے پولیس ٹریفک پولیس سمیت سارے چلان ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔دوسری طرف پبلک ٹرانسپورٹرزنے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا اور اطلاق آج سے کر دیا ہے۔




