اسلام آباد (بیوروچیف) رواں برس پاکستانی حجاج قربانی کی مد میں ساڑھے نو ارب روپے سے زائد کے اخراجات کریں گے۔ سرکاری اور نجی سکیموں کے تحت حج پر جانے والے ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس عازمینمجموعی طور پر بارہ کروڑ نوے لاکھ ریال سے زائد رقم سے قربانی کے جانور خریدیں گے۔ رواں سال فی حاجی ایک جانور کی قربانی کے اخراجات سات سو بیس ریال طے پائے ہیں، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً چون ہزار روپے بنتے ہیں۔ پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت جانے والے ایک لاکھ انیس ہزار دو سو دس عازمین کی قربانی پر چھ ارب تینتالیس کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔اسی طرح پرائیویٹ حج سکیم کے ساٹھ ہزار عازمین تین ارب چوبیس کروڑ روپے کی قربانی ادا کریں گے۔ ساڑھے گیارہ لاکھ روپے کے مجموعی حج پیکج میں قربانی کا حصہ تقریبا پانچ فیصد بنتا ہے۔ سعودی ریال میں یہ مجموعی رقم بارہ کروڑ نوے لاکھ اکتیس ہزار بنتی ہے۔




