فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پیرا سٹی فیصل آباد اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی جانب سے گھنٹہ گھر فیصل آباد کے اطراف جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے تحت پکی ترابات (مستقل تجاوزات) کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس آپریشن کی قیادت ایس ڈی ای او پیرا سٹی فیصل آباد نعمان مجید اور عظمت فردوس نے کی، جنہوں نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر موجود رہ کر آپریشن کی نگرانی کی۔انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی مرحلہ وار جاری ہے اور تمام تجاوزات کو فوری طور پر ختم نہیں کیا گیا بلکہ بتدریج غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا جا رہا ہے۔ اس دوران کرین اور دیگر ہیوی مشینری کی مدد سے مستقل تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے کو کشادہ بنایا جا سکے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم ہو۔حکام کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے پیش نظر یہ آپریشن مزید بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور شہر کے مرکزی علاقوں کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




