سرگودھا (بیورو چیف) نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں ڈائریکٹر ، میڈیکل ڈائریکٹر، فنانس ڈائریکٹر اور نرسنگ ڈائریکٹر سمیت اہم انتظامی و طبی عہدوں پر بھرتیوں کیلئے انٹرویوز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے انٹرویوز ایک اعلیٰ سطحی پینل کے تحت جاری ہیں جس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کر رہے ہیں، جبکہ پینلز میں سینئر ماہرین ڈاکٹر شجاعت علی، کرنل (ر) افتخار الحسن اور ڈاکٹر وارث فروکہ شامل ہیں۔کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے آج ادارے کا دورہ کیا اور انٹرویو کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایڈوائزر برائے صحت اور انٹرویو پینل کے ارکان سے ملاقات کی۔ کمشنر نے سکیورٹی، انتظامی امور اور امیدواروں کیلئے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام مراحل کو منظم اور شفاف بنایا جائے تاکہ بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کا انتخاب ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور جاری تیاریوں کا معائنہ کیا۔




