FCCIکے صدر اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے مابین معاہدہ طے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے مل کر فیصل آباد سے درآمدات اور برآمدا ت بڑھانے کیلئے کوششیں کریں گے جبکہ اس مقصد کیلئے مقامی درآمد اور برآمد کنندگان کو ضروری معلومات اور سہولتیں مہیا کرنے کیلئے فیصل آباد چیمبر میں ایگزم بینک کا ڈیسک یا دفتر بھی قائم کیا جائے گا۔ اس مفاہمتی یا د داشت پر ایگزم بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شہباز حسین سید نے دستخط کئے۔ فاروق یوسف شیخ نے ایگزم بینک کے صدر کے دورہ فیصل آباد چیمبر کا ذکر کیا اور کہا کہ اس میں بہت سے معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا تھا جس کے تحت ایگزم بینک مقامی برآمد کنندگان کو ضروری سہولتیں مہیا کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایگزم بینک ون ونڈو کے طور پر کام کرے گا جس کے تحت فیصل آباد کے برآمد کنندگان کو ضروری معلومات ، راہنمائی اور بینک کی پراڈکٹس اور سروسز تک رسائی کیلئے پروسیسنگ کی ابتدائی سہولت بھی مہیا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں برآمد کنندگان کی آگاہی کیلئے سیمینار اور ورکشاپس بھی ہوں گی جن میں ایکسپورٹ فنانس ، ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس، ٹریڈ رسک کے ازالہ اور ایگزم بینک کی پراڈکٹس بارے بتایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں