کسی کو پاکستان پر کوئی بد اعتماد ی نہیں

لاہور( بیورو چیف)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کسی فریق کو پاکستان پر کوئی بد اعتماد ی نہیں ،پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں مذاکرات دوبارہ شروع ہو جائیں گے،اگر خطے میں امن قائم ہوتا ہے تو تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی ۔حلقہ این اے 120 کے علاقہ جنڈیالہ پل کے قریب ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ خواہش ہے کہ ایران اور امریکہ کے مذاکرات فوری طور پر شروع ہوں،مذاکراتی ٹیموں پر اعتماد کیا جانا چاہیے ،پاکستان کا نام دنیا بھر میں امن کے قیام کے حوالے سے لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین، امریکہ، سعودی عرب اور ایران سمیت مختلف ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں،47 سال بعد امریکہ اور ایران کو ایک جگہ اکٹھا کرنے میں پاکستان نے کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت نے پہلگام واقعے کا ڈرامہ رچایا جو ناکام ہوا، بعد ازاں بھارت نے حملہ کیا لیکن پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور ڈپٹی وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخصیات کا کردار نا قابل فراموش ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھنا ضروری ہے کیونکہ اگر افتتاح اور تعمیراتی سرگرمیاں موخر کی گئیں تو منصوبے جون سے پہلے مکمل نہیں ہو سکیں گے۔ این اے 120 کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی فنڈز کے حصول کے لیے بھرپور محنت کی جبکہ مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی خصوصی توجہ سے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک تمام ترقیاتی کام مکمل کر لیے جائیں گے۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پنجاب میں ایسی جماعت کی حکومت رہی جس نے صوبے کو نقصان پہنچایا تاہم اب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ہر ضلع اور تحصیل میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام مریم نواز کی پہچان بن چکا ہے ،بارڈر ایریاز میں پہلی بار سیوریج سسٹم بہتر بنایا گیا اور کارپٹ سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے۔سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد خصوصی افراد کی مالی معاونت کی جا رہی ہے جبکہ دھی رانی پروگرام کے تحت ہزاروں بیٹیوں کی شادیاں بھی کروائی جا چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں