اختیارات کا ناجائز استعمال،چوکی انچارج اور محرر معطل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے اختیارات کا ناجائز استعمال’ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر انچارج چوکی طارق آباد اور محرر کو معطل کر کے ایس پی مدینہ ٹائون کو انکوائری کا حکم دے دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق انچارج چوکی طارق آباد اے ایس آئی امیر نواز نے پرائیویٹ شخص کو اپنے ساتھ رکھا ہوا ہے اور جوکہ چوکی آنے والے سائلین سے مبینہ طور پر مک مکا کرتا ہے اور سوشل میڈیا پر چوکی انچارج کیساتھ پرائیویٹ شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ چوکی طارق آباد میں منی چوکی بنا رکھی ہے، جس پر سی پی او نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی مدینہ ٹائون اسامہ امین کو انکوائری کر کے رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ تاہم انکوائری رپورٹ میں قصور وار پائے جانے پر چوکی انچارج طارق آباد اے ایس آئی امیر نواز اور چوکی محرر غازی شکیل کو معطل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والے ملازمین کسی صورت بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں