فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے غیر قانونی فارن کرنسی کے کاروبار میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی SHO/سب انسپکٹر اجمل حسین کی سربراہی میں جناح کالونی، ہجویری مسجد کے قریب کی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم فرید اللہ، بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کر رہا تھا۔مصدقہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 18کروڑ ایرانی ریال، آئی فون XRاور Vivo Y33Tموبائل فون برآمد کیے گئے۔حکام کے مطابق موبائل فونز سے غیر ملکی کرنسی ریٹس، لین دین کا ریکارڈ، بینک رسیدیں اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ایران بارڈر اور کوئٹہ سے غیر ملکی کرنسی منگوا کر مختلف شہروں میں سپلائی کرتا تھا۔ برآمد شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی جبکہ غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




