مکہ مکرمہ میں سفید احراموں کی بہار،مدینہ منورہ سے آنے والے پاکستانی عازمین کے قافلے مکہ پہنچنا شروع ہوگئے

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ مکرمہ میں سفید احراموں کی بہار۔ مدینہ منورہ سے آنے والے پاکستانی عازمین حج کے اولین قافلے مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہو گئے۔ ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کی آمد کے ساتھ ہی روح پرور مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں اور ضیوف الرحمن کا پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔مکہ مکرمہ پہنچنے والے عازمین حج، جو سفید احرام میں ملبوس تھے، کا والہانہ خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ضیوف الرحمن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ زمزم، کھجوروں اور ٹھنڈے مشروبات سے ان کی تواضع کی گئی۔ حجاج کرام نے اس پرخلوص استقبال پر مسرت کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے چیف کوآرڈینیٹر مکہ ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر رہائش، خوراک و ٹرانسپورٹ ذوالفقار خان، ڈائریکٹر حج مکہ عارف اسلم راو، ڈپٹی ڈائریکٹر حج عزیز اللہ خان و دیگر سینئر افسران کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں مختلف رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا اور عازمین حج سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے حجاج سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق عازمین حج کے پہلے عمرہ کی ادائیگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مین کنٹرول آفس مکہ کے زیرِ انتظام حرم تک ٹرانسپورٹ، حرم گائیڈز، معیاری خوراک اور رہائشی عمارتوں میں خدمات سرانجام دینے کے لیے خدام الحجاج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں ادا کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں