کوئٹہ( بیورو چیف)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی زراعت، تجارت، معیشت تباہ،روزگارناپید،عوام کی جان ومال غیرمحفوظ ہیں۔ بجلی گیس لوڈشیڈنگ، بارڈر بندش ، طاقت کااستعمال، آپریشن نے جلتی پرتیل کاکام کیاہے۔ ما یو سی ، احساس محرومی ختم کرنے اور امن کے قیام روزگار کی فراہمی،لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے فوری عملی اقداما ت ضروری ہے۔ گوادرسمیت بلوچستان کوبجلی گیس لوڈشیڈنگ سے استثنی دیاجائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادرمیں تقاریب سے خطاب کے دوران کیا بعدازاں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے چیئر مین میونسپل کارپوریشن گوادر ماجد جوہرکے ہمراہ ایکسیئن کیسکو گوادر حسین بخش سے ملاقات کی جس میں ضلع بھر میں بجلی کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران گوادر کے مختلف وارڈز میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے ، ٹرانسفارمرز کے لنکس کی فوری درستگی، جیونی، پشکان اور زیارت مچی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کے مسائل زیر بحث آئے۔




