سرگودھا (بیورو چیف) ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین اسینڈنگ کمیٹی برائے ہوم ڈیپارٹمنٹ صفدر حسین ساہی نے کوئین چوک تا براستہ47 پل،49 ٹیل مٹھہ معصوم بائی پاس تک تقریباً 8.25 کلومیٹر سڑک کو دو رویہ کرنے کے منصو بے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ منصوبے کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے (فیز ون) میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے کوئین چوک سے 47 پل تک سڑک کو دو رویہ کیا جائے گا، جبکہ باقی ماندہ حصہ آئندہ مالی سال میں مکمل کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں صدر چیمبر آف کامرس خواجہ یاسر قیوم ، مرزا فضل الرحمن ، ظفر خان، نعیم گجر، راؤ ندیم، ملک ربنواز کچھیلا ، بلال وڑائچ و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صفدر حسین ساہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری، عوامی سہولیات کی فراہمی اور شہری ترقی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں صحت کے شعبے میں تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے، جہاں جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا شہر کو درپیش سیوریج کے دیرینہ اور سنگین مسئلے کے حل کے لیے تقریباً 13 ارب روپے کا میگا پراجیکٹ دیا گیا ہے، جس پر کام جاری ہے۔




