دکانیں سیل اور بھاری جرمانوں پر تاجر پیرافورس کیخلاف سراپا احتجاج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بلاوجہ دکانیں سیل اور بھاری جرمانے کرنے پر کینال روڈ’ گٹ والا کے تاجر پیرافورس صدر کے دفتر کا گھیرائو کر کے سراپا احتجاج بن گئے، احتجاج کرتے ہوئے کینا ل روڈ بلاک کر دیا، کئی گھنٹوں تک روڈ بلاک ہو نے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ احتجاج کرنیوالے تاجروں کا کہنا تھا کہ پیرافورس صدر نے آئے روز بلاوجہ دکانیں سیل کرتے ہوئے بھاری جرمانے کئے جا رہے ہیں جسکی وجہ سے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن بنا دیا ہے۔ پیرافورس اپنی تمام حدیں پار کرتے ہوئے غنڈہ فورس بن چکی ہے۔ حکومتی احکامات کی پابندی کرنے والوں کو بلاوجہ تنگ کیا جا رہا ہے او رکوئی پوچھنے والا نہیں۔ احتجاجی مظاہرین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے پر کینال روڈ پر پیرافورس کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور پیرافورس کی غنڈہ گردی کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیرافورس کے افسران وجوانوں نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرین کو زدوکوب بھی کیا۔ گٹ والا’ کینال روڈ کے تاجروں اور کاروباری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ پیرافورس کو لگام دی جائے۔ شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے اور دکانیں سیل اور جرمانے کرنے سے گریز کرے۔ تاہم احتجاجی مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں