8بازاروں کے اردگرد 5پارکنگ پلازوں کی تعمیر جلد شروع ہوگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے کہا ہے کہ گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کے اردگرد 5پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی منظوری ہوچکی ہے جس کے لئے فنڈز دستیاب اور جلد تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ پلازے بننے سے پارکنگ کے مسائل کافی حد تک حل ہونگے۔انہوں نے یہ بات انجمن تاجراں سٹی الائیڈ گروپ (رجسٹرڈ) کے عہدیداران سے ملاقات کرتے ہوئے بتائی۔کمشنر نے تاجروں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ شہر کی تعمیر وترقی اور خوبصورتی میں تاجروں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن تاجر تنظیموں کے تعاون سے مکمل ہوئی۔اگلے مرحلہ میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تاجروں سے رابطوں کو مستقل بنیادوں پر استوار کریں گے۔کمشنر نے کہا کہ تاجروں کے پیرا فورس سے متعلقہ تحفظات کو دور کرایا جائے گا۔علاوہ ازیں ملت روڈ پر واسا پراجیکٹ،ہریانوالہ چوک،کوہ نورسٹی کی خوبصورتی،شیخوپورہ روڈ کی مرمت وبحالی اور معیاری صفائی ستھرائی کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حسیب شہید روڈ بجانب نصرت فتح علی خاں ہسپتال کی مرمت وبحالی کے لئے بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔کمشنر نے کہا کہ روڈز کی جاری تعمیر ومرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرارہے ہیں اس ضمن میں ٹھیکیداروں کوبھی متحرک کیا گیا ہے۔شعبہ صحت کی مزید بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نمائندہ تاجر حضرات گندم کے کاشتکاروں کو باردانہ کے لئے رجسٹریشن کرانے کے حوالے سے آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے پراپرٹی ٹیکسز کی فیسوں کی مد میں دکانوں کی سیلنگ کے حوالے سے بات کی جائے گی۔تاجروں کے بعض مسائل کے حل کے لئے ڈی سی آفس،ضلعی پولیس اور تاجر نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔صدرانجمن تاجراں سٹی الائیڈ گروپ پرویزاقبال کموکا،جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض،نصیر یوسف وہرہ سمیت دیگر نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر کمشنر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ علاقائی تعمیر وترقی اور شہرکی خوبصورتی میں تاجر انتظامیہ کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں