اسکولز میں تعلیمی و انتظامی امور کی سخت نگرانی کرنیکی ہدایت

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)سی ای اوز میٹنگ: اسکول مانیٹرنگ، انرولمنٹ اور انفراسٹرکچر بہتری کیلئے اہم فیصلے، سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم کی زیر صدارت ہونے والی اہم میٹنگ میں ضلع بھر کے سرکاری اور آئوٹ سورسڈ اسکولز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ میٹنگ کے دوران اے ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ باقاعدگی سے اسکولز کے دورے کریں اور تعلیمی و انتظامی امور کی سخت نگرانی یقینی بنائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکول وزٹس کے دوران ای سی ای رومز، کمپیوٹر لیبز، اساتذہ کی لیسن پلاننگ اور صبح 8بجے اسمبلی میں حاضری کو چیک کیا جائے گا۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ تصاویر ٹائم اسٹیمپ کیمرہ کے ذریعے شیئر کریں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی ڈی ای اوز کو ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولز جبکہ اے ای اوز کو پرائمری اور ایلیمنٹری اسکولز کی نگرانی سونپی گئی ہے۔مزید برآں، ایس آئی ایس پر اساتذہ اور طلبہ کی حاضری صبح 8:30بجے تک لازمی اپڈیٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسکولوں کے بک بینک کا معائنہ، ریکارڈ کی درستگی اور کتابوں کی درجہ بندی (قابل استعمال اور ناقابل استعمال) بھی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بہتری، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، واش رومز کی فعالیت اور اسکولوں کی سولرائزیشن کو فروغ دینے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔چھوٹے اسکولز کے لیے مووی ایبل پلیٹس کی 100 فیصد فراہمی، اسکول بیوٹیفیکیشن، اور قبل و بعد کی تصاویر کو پریزنٹیشن کے لیے تیار کرنے پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔ انرولمنٹ بڑھانے کے لیے اسکولوں کے باہر فلیکسز آویزاں کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ ای سی ای رومز کی تزئین و آرائش کے لیے گرانٹ کے اجراء کی بھی تصدیق کی گئی۔میٹنگ میں این جی اوز کو اسکولز تک محدود رسائی دینے، مگر مکمل نگرانی کے ساتھ کام کروانے کی اجازت دی گئی۔ علاوہ ازیں، سمر کیمپس کے جلد آغاز کا اعلان کیا گیا اور اے ای اوز کی ٹریننگ میں لازمی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم نے واضح کیا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا، اسکولوں کی کارکردگی کو موثر بنانا اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں