ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)تعلیمی معیار کی بہتری اور بچوں میں خود اعتمادی کے فروغ کے لیے اسیسمنٹ کو ناگزیر قرار دے دیا گیا۔ ماسٹر ٹرینر زاہد وقاص سندھو نے کہا ہے کہ جدید دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ خود اعتمادی کا ہونا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ یہی خوبی انسان کو زندگی بھر کامیابی کے راستے پر گامزن رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ سکول سسٹم میں بچوں کی اسیسمنٹ کے دوران اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بچہ خود اعتمادی کے ساتھ اپنی بات موثر انداز میں پیش نہیں کر سکتا تو اس کی تعلیمی صلاحیتیں بھی مکمل طور پر نکھر نہیں پاتیں، اس لیے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ کی شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دیں۔زاہد وقاص سندھو کا کہنا تھا کہ آج کے بچے کل کا پاکستان ہیں، لہٰذا ان کی معیاری تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی ادارے بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ وہ ایک بااعتماد اور کامیاب شہری بن سکیں۔طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے رانا شاہد مقرب ڈائریکٹر فاطمہ سکول سسٹم کا کہنا تھا کہ والدین اپنی تمام تر خواہشات اور وسائل بچوں کی تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ طلبہ دلجمعی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اپنے والدین کی توقعات پر پورا اتریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محنت، لگن اور خود اعتمادی کے ذریعے نہ صرف والدین کا نام روشن کیا جا سکتا ہے بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔




