ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن کی کڑی نگرانی جاری رہے گی،ایم ڈی عابد حسین بھٹی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن کی نگرانی کیلئے تحصیل صدر کے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔وہ ملت ٹاون یونین کونسل 185، دھنولہ و دیگر علاقوں میں گئے جہاں صفائی کی ناقص صورتحال پر خفگی کا اظہار کیا۔انہوں نے ویسٹ انکلوثرز کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کنٹریکٹر کو وارننگ جاری کی اور موقع پر ہی صفائی اقدامات میں فوری بہتری کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے گھر گھر پہنچ کر شہریوں سے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن بارے دریافت کیا۔انہوں نے دکاندار حضرات سے بھی عملہ صفائی کی کارکردگی بالخصوص گلیوں میں مینول سویپنگ سے متعلق استفسار کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے شہریوں کی جانب سے گھروں سے بروقت کچرا جمع نہ ہونے اور بازاروں کی صفائی نہ ہونے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کنٹریکٹر ٹیم کی سرزنش کی۔انکا کہنا تھا کہ ویسٹ انکلوثرز کو روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ بنایا جائے۔گھروں سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ کا باقاعدہ شیڈول مرتب کیا جائے تا کہ شہریوں کو ستھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے صفائی کی بہترین سہولیات میسر آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں