مذہبی رواداری ،بھائی چارے کے فروغ کیلئے تمام مکتب کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسالک و مذاہب رواداری کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان پیغامِ امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں امن، محبت، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ اس باوقار سیمینار میں مختلف مسالک و مذاہب سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، علماء کرام، مشائخ عظام، دانشور حضرات اور سماجی رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر مرکزی چیئرمین مسالک و مذاہب رواداری کونسل پاکستان، ممبر ڈسٹرکٹ امن و مساجد کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی، اور ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی علامہ محمد ریاض کھرل نے خصوصی شرکت فرمائی۔علامہ محمد ریاض کھرل نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کاایک سال پوراہونے پرافواج کاپاکستان کوخراج تحسین اورشہدا کوسلام عقیدت پیش کرتے ہیں یہ قومی اتحادکی بدولت نصرت خداوندی کااعجازتھاتاریخ کاروش باب ہے دفاع وتحفظ وطن کیلئے ہم سب متحدہیں بین المسالک ہم آہنگی بھائی چارہ ملی یکجہتی بین المذاہب رواداری کومضبوط تربنانے کاعزم کرتے ہیں اتحادبین المسلمین تکریم انسانیت مثالی ہے ۔اس موقع پر مرکزی وائس چیئرمین پاسٹر ڈاکٹر آزر ناز ، وائس چیئرمین قاری غلام اللہ ، قاری تنویر طاہر راٹھور، صابر علی غوری ، مفتی مظفر اقبال ، خالد محمود اعظم آبادی ، ڈسٹرکٹ چیئرمین رانا خالد علی ، سٹی وائس چیئرمین خالد جاوید ساقی، مولانا عبدالرزاق عابد اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان میں امن، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں نفرت کے خاتمے اور محبت کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔کانفرنس کے اختتام پر معزز مہمانانِ گرامی اور شرکا میں شیلڈز تقسیم کی گئیں اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔یہ سیمینار قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور پرامن معاشرے کے قیام کی جانب ایک مثبت اور اہم قدم ثابت ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں